Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

امریکی پولیس نے ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو جاری کردی

امریکی پولیس نے گزشتہ روز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو جاری کردی۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی باڈی کیم فوٹیج میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے حملہ آور ریان ویسلے کو حراست میں لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے مشتبہ شخص کو مارٹن کاؤنٹی سےگرفتارکیا گیا۔

فلوریڈا پولیس کے مطابق مشتبہ شخص گالف کورس میں فائرنگ کرنے کے بعد رائفل چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا جسے بعد ازاں پولیس نے مارٹن کاؤنٹی سےگرفتارکیا جب کہ مبینہ حملہ آور فرار ہوتے ہوئے پیچھے دو بیگ، رائفل اور کیمرا چھوڑ گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 58 سالہ  ریان ویسلے روتھ ایک چھوٹی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے، ریان کا کوئی فوجی پس منظر نہیں مگر وہ ماضی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹوں میں یوکرین کی جنگ میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کرچکا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز فلوریڈا ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب سابق صدر وہاں گالف کھیل رہے تھے جب کہ اس سے قبل جولائی میں بھی ایک انتخابی ریلی کے دوران ان پر قاتلانہ حملا ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :