17 ستمبر ، 2024
پاکستان رینجرز سندھ نے ریسکیو 1101 ایمرجنسی نمبر فعال کردیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے کراچی بھر پر نظر رکھی جارہی ہے۔
ڈی ایس آر رینجرز سندھ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان رینجرز سندھ ہیڈ کواٹر میں ایمرجنسی اینڈ ریسکیو سروس کیلئے مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نمبر 1101 کو مزید فعال کرکے عوام کی مدد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھتہ خوری، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان یا کسی بھی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان سے نمٹنے کیلئے رینجرز ہر وقت تیار ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ شہری 1101 نمبر پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
رینجرز حکام نے بتایا کہ ریسکیو 1101 پر یومیہ 200 سے زائد کالز موصول ہو رہی ہیں جسے مزید بہتر بنانے کیلئے رینجرز واٹس نمبر اور ایس او ایس سسٹم کے تحت بھی شکایت درج ہوسکیں گی۔