18 فروری ، 2013
کوئٹہ…نائب صدر مجلس وحدت مسلمین علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں، گورنر بلوچستان کوئٹہ کا کنٹرول فوج کے حوالے کریں،بصورت دیگر سانحہ کیرانی میں جاں بحق افراد کی تدفین نہیں کی جائے گی اور ان کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری رہے گا،یہ اعلان انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا،،ان کادعوی تھا کہ سانحہ کیرانی میں ہزارہ برادری کے ایک سو دس افراد شہید ہوئے جبکہ ایک سو پچاس لوگ اب بھی زندگی موت کی کشمش میں مبتلا ہیں،ان کا کہنا تھا کہ مظلوموں کے خون کا حساب کس سے مانگا جائے،،دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ ہم زخمیوں کے علاج معالجہ سیمطمئن نہیں ہیں ،انہیں فوری طور پر کراچی منتقل کیاجائے،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاست عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے، عوام کو اپنے گلی محلے کی خود حفاظت کرنا ہوگی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ گورنر بلوچستان کوئٹہ کا کنٹرول فوج کے حوالے کریں، اس موقع پر انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کوئٹہ میں شرپسند عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیاجائے، جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے کوئٹہ سمیت ملک بھر میں دھرنے جارہی رہیں گے،اور جب تک دھرنے جاری رہیں گے شہداء کی تدفین نہیں کی جائے گی۔