28 فروری ، 2012
پشاور…وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک وزیرستان سے لیکر نوشہرہ تک ہے۔ شدت پسند مذاکرات کی میز پر آجائیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک وزیرستان سے درہ آدم خیل اور نوشہرہ تک ہے اور وہ اب پشاور کی بجائے نوشہرہ سے کارروائیاں کررہے ہیں۔انہوں نے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کو ناسور قرار دیتے ہوئے خبردارکیا کہ وہ دہشت گردوں کو پناہ دینے سے باز رہیں۔میاں افتخار نے کہا کہ 98فیصد دہشت گرد عدم ثبوت کی بنیاد پر عدالتوں سے چھوٹ جاتے ہیں ۔ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری میں مداخلت قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امریکہ ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کرے۔میاں افتخار کا کہنا تھا کہ شدت پسند حکومتی رٹ تسلیم کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آجائیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔