19 فروری ، 2013
اسلام آباد…پارلیمانی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی ، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی مدت 7 روز سے بڑھا کر 14 روز مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ رپورٹ کل پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلا س سینیٹر جہانگیر بدر کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا۔ پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 14 روز کی مدت مقرر کردی۔قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے زر ضمانت 8 ہزار روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لیے زرضمانت 4 ہزار روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اجلا س میں شریک الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ بند کتاب کے انتخابی نشان کو قرآن پاک کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ،اب اسے کھلی کتاب میں بدل دیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ان کی جماعت 1988 سے اس نشان پر انتخابات لڑرہی ہے ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے، فیصلہ تبدیل نہ کیا گیا تو احتجاجاً الیکشن کمیشن کا گھیراوٴکر کے دھرنا دیا جائے گا۔ بعد میں سینیٹر عبدالغفور حیدری احتجاجا ًکمیٹی اجلاس سے واک آوٴٹ کرگئے۔ ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ قوانین کے تحت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔سینیٹر طاہر مشہدی نے اجلاس کے بعد جیو نیوز کو بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ میں جعلی ڈگری والوں سے متعلق کوئی سفارش شامل نہیں کی گئی، کمیٹی نے پولنگ کے دن امیدواروں کو ووٹرز کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی اجازت دینے کی سفارش بھی کی۔