Time 22 ستمبر ، 2024
کھیل

پاکستانی کرکٹ کو کیسے بہتر کیا جائے؟ بی سی بی کے بڑے کل سر جوڑ کر بیٹھیں گے

پاکستانی کرکٹ کو کیسے بہتر کیا جائے؟ بی سی بی کے بڑے کل سر جوڑ کر بیٹھیں گے
  کنیکشن کیمپ میں چیئرمین پی سی بی، کرکٹ کوچز سمیت 9 ایلیٹ پلیئرز بھی شریک ہونگے، پی سی بی/ فائل فوٹو

لاہور: ملک میں کرکٹ کو بلندیوں پر لے جانے کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ  (پی سی بی) کی جانب سے نئی حکمت عملی بنانے کے لیے کوچز ، سنیئر  پلیئرز  اور  بورڈ حکام کا اجلاس کل ہوگا۔

جیو نیوز کے مطابق چیرمین پی سی بی محسن نقوی، ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے ساتھ بابر اعظم اور شان مسعود سمیت 9 ایلیٹ پلیئرز کا کنیکشن کیمپ کل لاہور میں ہوگا۔

پی سی بی کا بتانا ہے کہ کیمپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک واضح وژن قائم کرنا ہے اور اس کنیکشن کیمپ میں پاکستان وائٹ بال کپتان بابر اعظم، ریڈ بال کپتان شان مسعود، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت 9 ایلیٹ کرکٹرز کل میٹنگ میں شریک ہونگے۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کو نئی شکل دینے کے لیے جاری سفر کا پہلا قدم ہے اور کنیکشن کیمپ پاکستان کرکٹ کو اس کی سابقہ شان میں بحال کرنے کے لیے اہم ہے۔

ریڈ بال کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت ہمیں مستقبل کے لیے ایک مضبوط راستہ طے کرنے میں مدد کرے گی۔

ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نے اس حوالے سے کہا کہ ہم سب ایک ہی مقصد کی طرف کوشاں ہیں اور وہ پاکستان کرکٹ کا معیار بلند کرنا اور جیتنے کا کلچر پیدا کرنا ہے۔

کیمپ کے حوالے سے  وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ ہم وائٹ بال کرکٹ میں اپنے نقطہ نظر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے اعلیٰ درجے کے معیارات کو پورا کیا جا سکے۔

مزید خبریں :