Time 24 ستمبر ، 2024
پاکستان

یوسف رضا گیلانی والی تاریخ اب نہیں دہرائی جاسکتی: رانا ثنا اللہ

یوسف رضا گیلانی والی تاریخ اب نہیں دہرائی جاسکتی: رانا ثنا اللہ
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔

جیو نیوز کے پروگرام "کیپٹل ٹاک" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی والی تاریخ اب نہیں دہرائی جا سکتی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ نظر ثانی کیلئے سپریم کورٹ میں موجود ہے اسے فل کورٹ سنے اور قوم کو اس بھنور سے نکالے۔

پرگروام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں, انتخابی نشان نہ ملنے سے سیاسی جماعت کا الیکشن لڑنے کا آئینی حق متاثر نہیں ہوتا۔

تفصیلی فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا گیا۔

فیصلے میں سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق الیکشن رول 94 خلاف آئین قرار دے کر کالعدم کردیا۔

عدالت نے قراردیا کہ الیکشن رول 94 خلاف آئین اور غیرمؤثر ہے، رول 94 الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 51 اور 106 کے منافی ہے۔

مزید خبریں :