Time 24 ستمبر ، 2024
پاکستان

آرمی چیف کا وانا کا دورہ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی حمایت پرشکریہ اداکیا

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے  پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال، انسداددہشتگردی کی جاری کاروائیوں اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے افسران اورفوجیوں کےساتھ بات چیت کی اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے جوانوں کی تیاری اور غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی۔

جنرل عاصم منیر نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پاک فوج کےغیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاک فوج بالخصوص کے پی پولیس کو ان کی استعدادکاربڑھانے کیلئے مستقل مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈڈیویلپمنٹ پلان کے تحت امن برقرار رکھنے اور مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبرپختونخوا کے عوام کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

جنرل عاصم منیر نے کے پی کے عوام کی خوشحالی، ترقی کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لانے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اظہار اور دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی پاک فوج کی غیرمتزلزل حمایت پرشکریہ اداکیا۔

وانا میں کورکمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا، وانا آمد پر آرمی چیف نےیادگارشہدا پرپھول رکھے اورشہداکوخراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں :