Time 24 ستمبر ، 2024
پاکستان

ہیلتھ رپورٹنگ میں جیو نیوز ڈیجیٹل نے اعزاز اپنے نام کرلیا

ہیلتھ رپورٹنگ میں جیو نیوز ڈیجیٹل نے اعزاز اپنے نام کرلیا
مقابلے میں صحت، بالخصوص ماں اور بچے کی صحت سے متعلقہ موضوعات پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں نے اپنی اپنی تحقیقی خبریں جمع کروائی تھیں— فوٹو: جیو نیوز

کراچی کی نجی یونیورسٹی آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی جانب سے صحت کے حوالے سے تحقیقی رپورٹنگ پر ہونے والے مقابلے میں جیو نیوز ڈیجیٹل کی رپورٹر کہکشاں بخاری نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

نجی اسپتال کے تحت چھٹے سالانہ ریسرچ ویک کا انعقاد کیا گیا جس میں پہلی مرتبہ  ہیلتھ رپورٹنگ ایوارڈ کی کیٹیگری شامل کی گئی تھی۔

اس مقابلے میں اخبار، ٹی وی اور ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارمز پر صحت، بالخصوص ماں اور بچے کی صحت سے متعلقہ موضوعات پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں نے اپنی اپنی تحقیقی خبریں جمع کروائی تھیں۔

جیو ڈیجیٹل کی نمائندہ کہکشاں بخاری نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی ہیٹ ویوز سے حاملہ خواتین اور بچے کی صحت پر پڑنے والے اثرات کے موضوع پر طبی ماہرین کی آرا کے ساتھ تفصیلی رپورٹ بنائی تھی۔ اس تحقیقی رپورٹ پر کہکشاں بخاری  نے ڈیجیٹل کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور نقد انعام اپنے نام کیا۔

اس حوالے سے نجی یونیورسٹی میں تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں اساتذہ و طلبہ سمیت شعبہ صحافت سے منسلک صحافی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں مقابلہ جیتنے والے صحافیوں کو ایوارڈز دیے گئے۔

مزید خبریں :