26 ستمبر ، 2024
جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا،اخونزادہ حسین، اسلم غوری، جے یو آئی لیگل ٹیم کے سربراہ سینیٹر کامران مرتضیٰ، مفتی ابرار سمیت دیگر جے یو آئی رہنما بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی جانب سے آئینی ترامیم کا مسودہ تیار کرنے کی تجویز دی، قانونی،آئینی معاملات دیکھ کر سلمان اکرم راجہ اور کامران مرتضیٰ مسودہ تیار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنا مسودہ اور تجاویز ہمارے ہاتھ آجائیں پھر آگے بڑھا جائے گا، جب ہمارےپاس مسودہ ہوا تو پھر ہی کسی سے بات کی جاسکتی ہے، میری شوریٰ نے کہا حکومت کے ساتھ نہیں جانا، آئینی ترمیم مسترد کرو۔
ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے معلوم ہے اس میں بہت ساری چیزیں غلط ہورہی ہیں، پارلیمان کے اندر ووٹ سے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی نے آئینی ترامیم پر مشترکہ مسودہ لانے کا فیصلہ کیا۔ اپوزیشن اتحاد آئینی ترامیم پر مشترکہ مسودہ تیار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وکیل رہنما جمعے کو دوبارہ اسلام آباد میں ملاقات کریں گے، حکومتی آئینی ترامیم کا مسودہ سامنے آنے پر اپوزیشن اپنی تجاویز بھی سامنے رکھے گی۔