20 فروری ، 2013
حیدرآباد/فیصل آباد…سانحہ کوئٹہ کے خلاف ملک کے چھوٹے شہروں میں جاری دھرنے بھی ختم کردیے گئے ،احتجاج کے باعث متاثر ہونے والی ٹرینوں اورٹریفک کی آمدروفت آہستہ آہستہ معمول پر آرہی ہے۔ سانحہ کوئٹہ پر ملک کے مختلف شہروں میں رات دیر گئے تک احتجاجی دھرنے جاری رہے۔ شہدائے سانحہ کوئٹہ کے ورثا کی جانب سے دھرنا ختم کرنیکے اعلان کو قبول کرنے کے بعدسکھر،میرپور خاص،ملتان،فیصل آباد اور پاراچنار میں رات گئے دھرنے ختم کردیے گئے ۔ اس سے پہلے حیدرآباد، نوابشاہ اور دادو میں مختلف مقامات کے علاوہ شہروں کوملانے والی سڑکوں سے بھی دھرنے ختم کردییگئے اور ٹریفک کی روانی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے،رحیم یارخان،گوجرانوالہ ،جھنگ ،سرگودھا ، ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی دھرنے کے شرکا گھروں کوچلے گئے، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور کوہاٹ سمیت قبائلی علاقوں میں بھی احتجاجی دھرنے ختم اور مظاہرین پْرامن طورپر منتشر ہوگئے، اسکردو، گلگت ،استور، غذر اورآزادکشمیر کی مختلف وادیوں میں بھی دھرنے ملکی سلامتی کی دعاوٴں اورہزارہ کمیونٹی کے قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کے مطالبات کے ساتھ ختم کردیے گئے۔