Time 07 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوز نے زندگی میں کامیابی کا راز بتا دیا

دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوز نے زندگی میں کامیابی کا راز بتا دیا
جیف بیزوز / فائل فوٹو

ایمازون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں جو 209 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

اب انہوں نے زندگی میں کامیابی کا ایک راز بتایا ہے جو ان کی صبح کے ایک معمول میں چھپا ہے۔

درحقیقت جیف بیزوز کا کہنا ہے کہ دن کا آغاز اس معمول سے کرنے سے انہیں زندگی میں کامیاب ہونے میں مدد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دن کا آغاز چار دیواری سے باہر نکل کر کرتے ہیں جس دوران اسکرینوں سے دور رہتے ہیں۔

جیف بیزوز کے مطابق زندگی میں کامیابی کا جزوی راز ہر صبح چہل قدمی چھپا ہے۔

وہ 2018 سے ہر صبح چہل قدمی کرتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اس معمول نے ان کی فیصلہ سازی اور تعمیری صلاحیتوں کو بہتر بنایا ہے۔

یہ دن کا ایسا وقت ہوتا ہے جب وہ تنہا ہوتے ہیں اور اس سے انہیں دن بھر کی اہم میٹنگز کے لیے ذہنی طور پر تازہ دم ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ 'یہی وجہ ہے کہ میری دن کی پہلی میٹنگ 10 بجے ہوتی ہے، میں دوپہر کے کھانے سے قبل میٹنگز کرنا پسند کرتا ہوں، کیونکہ شام 5 بجے میرے لیے اس بارے میں سوچنا ممکن نہیں ہوتا'۔

انہوں نے بتایا کہ رات کی نیند بھی ان کی کامیابی کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں صبح جلد اٹھتا ہوں اور رات کو جلد بستر پر جاتا ہوں'۔

2020 میں اپنی ایک کتاب میں ایمازون کے بانی نے کہا تھا کہ 'مجھے 8 گھنٹے کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ زیادہ بہتر سوچنے کے ساتھ ساتھ زیادہ توانائی حاصل ہو اور میرا مزاج بھی خوشگوار رہے'۔

دسمبر 2023 میں ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے جیف بیزوز نے کہا کہ وہ صبح دانستہ طور پر سست روی سے چہل قدمی کرنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں اتنا بھی اچھا نہیں جتنا آپ سوچتے ہیں، میں صبح کے وقت کافی سست روی سے چلتا ہوں، میں صبح جلد اٹھ جاتا ہوں اور پھر زیادہ تر دنوں میں ورزش بھی کرتا ہوں'۔

مزید خبریں :