09 اکتوبر ، 2024
لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد وہاں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی، دمشق سے خصوصی پرواز کے ذریعے 71 پاکستانی کراچی پہنچے۔
دفترخارجہ کے مطابق 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے تھے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز میں سوار ہوئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لبنان اورشام میں پاکستانی سفارتخانوں نے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاکویقینی بنایا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا، پاکستانیوں کی کراچی کیلئے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب روانہ ہوئی۔
لبنان سے انخلا کرنے والے پاکستانیوں کی ہمت بڑھانےکیلئے خصوصی پرواز کے کراچی ائیرپورٹ پر پہنچنے کے وقت گورنرسندھ کامران ٹیسوری بھی جناح ایئرپورٹ پہنچ گئے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آ رہےہیں، لبنان کے شہریوں کیلئے بھی فکر مندہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جنگ فلسطین سےلبنان تک پھیلادی مگر دنیا خاموش ہے، مسلم ممالک اسرائیل کےخلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رُکے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ذرائع کا بتانا تھا کہ لبنان سے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے خصوصی پرواز کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی جی سی اے اے کی جانب سے غیر ملکی ائیرلائن کو ایک خصوصی پرواز کی اجازت دی گئی ہے، ائیربس 320 طیارے سے 180 پاکستانیوں کو لبنان سے پاکستان پہنچایا جائے گا۔