Time 17 اکتوبر ، 2024
دنیا

جسٹن ٹروڈو نے غیر ملکی مداخلت میں کنزرویٹو اراکین کے ملوث ہونے کا دعویٰ کردیا

جسٹن ٹروڈو نے غیر ملکی مداخلت میں کنزرویٹو اراکین کے ملوث ہونے کا دعویٰ کردیا
غیر ملکی مداخلت میں کئی سابق کنزرویٹو اراکین پارلیمنٹ بھی ملوث ہیں اور کئی کنزرویٹو امیدواربھی شامل ہیں: کینیڈین وزیراعظم/ فائل فوٹو

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کینیڈین امور میں غیر ملکی مداخلت سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ غیر ملکی مداخلت میں ملوث کنزرویٹو اراکین پارلیمنٹ کے کئی نام میرے پاس ہیں، غیر ملکی مداخلت میں کئی سابق کنزرویٹو اراکین پارلیمنٹ بھی ملوث ہیں اور کئی کنزرویٹو امیدواربھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انٹیلی جنس سروس سےکہا تھا کہ کنزرویٹوپارٹی لیڈر کو خبردار کریں، کنزرویٹولیڈر کا خفیہ بریفنگ نہ لینا اظہار ہےکہ اس پارٹی کا کوئی بھی رہنما نام نہیں جانتا۔

کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کےقتل میں میرا ابتدائی جائزہ گینگ حملہ تھا، جنوبی ایشیائی اراکین پارلیمنٹ کا خیال تھا نجر کے قتل میں بھارت ملوث ہے، جنوبی ایشیائی افراد کی جانب سے خدشات پر تحقیقات کا کہا اور پتا چلا کہ انٹیلی جنس کمیونٹی کو اسی تناظر میں تحقیقات کرنا تھی۔

جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ خالصتان کے حق میں ریفرنڈم کرانے والے نجر کوپچھلے سال جون میں قتل کیا گیا تھا، حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ بھارت کےخلاف عوام میں نہیں جائیں گے، چاہتے تو جی 20 سربراہ اجلاس بھارت کے لیے انتہائی تکلیف دہ بنا دیتے، ہم نے کوشش کی کہ بھارت کسی طرح تعاون کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوبتایا کہ بھارت ملوث ہے اور تشویش ظاہر کی جس پر مودی کاجواب تھا بھارت کےخلاف بولنے والوں کو کینیڈا میں گرفتار کریں۔

دوسری جانب کنزرویٹولیڈر نے وزیراعظم سے غیرملکی مداخلت میں ملوث تمام اراکین پارلیمنٹ کے نام جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹروڈو نام ظاہر نہیں کریں گے کیونکہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

کنزرویٹولیڈر نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مداخلت کے بارے میں مجھے اہلکار بریفنگ دے چکے ہیں، مجھے اور میرے چیف آف اسٹاف کو کسی کنزرویٹو کے ملوث ہونےکا نہیں بتایا گیا۔

مزید خبریں :