09 اکتوبر ، 2024
رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز نے 2024 کے نوبیل انعام برائے کیمیا کا اعلان کردیا ہے۔
کیمسٹری کے شعبے میں 2024 کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا۔
امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بیکر، جبکہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں Demis Hassabis اور جان ایم جمپر کو یہ اعزاز زندگی کی بنیاد سمجھے جانے والے پروٹینز کے اسٹرکچر پر کیے جانے والے کام پر دیا گیا۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق کیمسٹری کا آدھا نوبیل انعام امریکا کے ڈیوڈ بیکر کو کمپیوٹیشنل پروٹین ڈیزائن جبکہ باقی آدھا انعام گوگل ڈیپ مائنڈ کے ماہرین کو پروٹین اسٹرکچر کی پیشگوئی پر دیا جا رہا ہے۔
ان سائنسدانوں نے پروٹینز کے راز کمپیوٹنگ اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے دریافت کیے۔
بیان میں کہا گیا کہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے ماہرین نے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ان تمام پروٹینز کے اسٹرکچر کی پیشگوئی کی جن کے بارے میں ہم جانتے ہیں جبکہ ڈیوڈ بیکر نے یہ جانا کہ کونسے پروٹینز زندگی کی بنیاد ہیں اور کیسے نئے پروٹینز تیار کیے جاسکتے ہیں۔
رائل کمیٹی کے مطابق ان تینوں سائنسدانوں کی دریافتیں بہت اہم ہیں کیونکہ ان کی مدد سے ویکسینز کو برق رفتاری سے تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ ماحول دوست کیمیکل انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔
نوبیل انعام کے ساتھ ساتھ 11 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی تینوں سائنسدانوں میں تقسیم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 2023 میں امریکا کے 3 سائنسدانوں کو کیمسٹری کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔
میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماؤنگی باؤندی، کولمبیا یونیورسٹی کے لوئس بروس اور نانو کرسٹلز ٹیکنالوجی انکارپوریشن کے الیکسی ایکیموف کو کوانٹم ڈاٹس کی دریافت اور اس حوالے سے پیشرفت کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا تھا۔
کوانٹم ڈاٹس ننھے نانو پارٹیکلز ہوتے ہیں اور ان سے ٹیلی ویژن اور ایل ای ڈی لیمپس کی روشنی پھیلتی ہے جبکہ وہ ڈاکٹروں کو رسولی ٹشوز ہٹانے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ کوانٹم ڈاٹس کو متعدد دیگر کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل 7 اکتوبر کو نوبیل کمیٹی نے مائیکرو آر این اے اور اس کے افعال کی دریافت پر کام کرنے والے 2 سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
اسی طرح 8 اکتوبر کو امریکا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 2 سائنسدانوں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر کیے جانے والے کام پر فزکس کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو فزکس، 9 اکتوبر کو کیمسٹری اور 10 اکتوبر کو ادب کے نوبیل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔
امن کے نوبیل انعام کا اعلان 11 اکتوبر جبکہ معیشت کا نوبیل انعام 14 اکتوبر کو دیا جائے گا۔