Time 19 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عمران خان کو جیل میں بٹھا کر خود مزے لوٹ رہی ہے: واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان  کو یہاں تک پہنچانےمیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت کاکردار ہے۔

پارلیمنٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ کوئی ہے یا نہیں 26ویں ترمیم پاس ہونےجارہی ہے، آجائیں گے تو سب بچ جائیں گے ورنہ ترمیم تو ہوجائے گی اور ہیرو سے زیرو ہونے میں دیر نہیں لگتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر سمجھتے ہو اٹھایا ہے تو جاؤ سمجھ لو اٹھایا ہے، الزامات پر اب کوئی وضاحت نہیں ہوگی جس نے جو سمجھنا ہےجو الزام لگانا ہے لگاتا رہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو یہاں تک پہنچانےمیں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کاکردار ہے، قوم کو سمجھ آگئی ہےکہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نےپاکستان کوبربادکیا،  یہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بٹھا کر خود مزے لوٹ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان نے جیل میں ملاقات کیلئے جانے والی پارٹی قیادت کو کھری کھری سنائیں اور کہاکہ جیل سے نکلنے کا جو پلان دیا تھا اس پر کسی نے عمل نہیں کیا، میرے منصوبے پر عمل کریں گے تو ہی باہر آسکوں گا۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا مجھے آپ لوگوں سے کوئی فائدہ نہیں، میں نے احتجاج جاری رکھنے کا کہا تھا ، آپ کے تمام احتجاج فلاپ ہوئے، آپ سے کہا تھا کہ ایس سی او پر احتجاج کرنا ہے لیکن کسی نے عمل نہیں کیا۔

جیل ذرائع سے باہر آئی خبر پر ردعمل میں تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر نےکہاکہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی ناراضی یا سرزنش نہيں کی، ایسی خبریں بے بنیاد ہیں، انہوں نے اپنی رہائی سےمتعلق بھی کچھ ایسا نہیں کہا، بانی پی ٹی آئی سے آئینی ترمیم سےمتعلق مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :