22 فروری ، 2013
کراچی…کراچی میں کھارادر کے علاقے میں رینجرز کے آپریشن میں گینگ وار کا مطلوب ملزم راشد عرف ریکھا مقابلے میں مارا گیا،رینجرز نے آٹھ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔ گزشتہ دو روز سے کھارادر اور لیاری کے علاقوں میں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے ، دو مسلح گروپوں میں شام ڈھلتے ہی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو جا تا ہے جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ جمعرات کے دن دوسرے روز بھی دو گروپوں میں تصاد م شروع ہوا جس کے باعث کا روبار بند کرادیئے گئے اور علاقہ میدان جنگ بن گیا، علاقہ مکین محصور ہوکر رہ گئے جس کے بعد رینجرز، ایف سی اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے اسلحہ برآمد کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ کھارادر اور لیاری میں فائرنگ کے دوران رینجرز اہلکار سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم راشد عرف ریکھا بھی مارا گیا۔ راشد ریکھا سنگین نوعیت کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا، جبکہ حکومت سندھ نے اس کے سر پر 10 لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیا ہوا تھا۔