پاکستان
22 فروری ، 2013

بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے درخواست کی سماعت

بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے درخواست کی سماعت

اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اندرون ملک ووٹ ڈالا جا سکتا ہے تو بیرون ملک کیوں نہیں۔قانون اپنے ملک کے لیے ہوتا ہے، دوسرے ملک میں انتظامات کے لیے قانون کی کیا ضرورت ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے درخواست کی سماعت کی۔۔الیکشن کمیشن کے وکیل منیر پراچہ نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ بیلٹ پیپر پر حلقے کا نام لکھ کر ووٹ ڈالا جا سکتاہے، جو سفارتی مشن جاری اور جمع کرے، قانون سازی بھی کرنا ہو تو دس منٹ میں مسودہ تیار کیا جا سکتا ہے، جب اپنی تنخواہیں بڑھانا مقصود ہوں تو پندرہ منٹ میں قرارداد منظور ہو جاتی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کے پاس انتخابات کا انتطام کرنے کا وسیع اختیار ہے، الیکشن کمیشن رجسٹرڈ ووٹر کو ووٹ ڈالنے کی سہولت کا طریقہ وضع کر سکتا ہے، ووٹ ڈالنا ضروری قرار دینے سے متعلق کیا اقدامات کیے گئے، اس کے لیے سزا نہیں ترغیب کا راستہ اختیار کیا جائے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل کی سربراہی میں تمام متعلقہ افراد کے ہونے والے اجلاس کی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ مقدمے کی مزید سماعت 27فروری تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :