25 اکتوبر ، 2024
ضلع خیبر کے علاقے تھانہ ملاگوری میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق تھانہ ملاگوری ضلع خیبر کا دور آفتادہ علاقہ ہے جہاں قریبی پہاڑوں میں دہشتگردوں نے گھات لگاکر تھانہ ملاگوری کی عمارت پر فائرنگ کردی۔
ڈی پی او نے کہا کہ فائرنگ میں اسنائپر گن اور خودکار اسلحہ استعمال کیا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار ثاقب خان موقع پر شہید ہوگیا جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے ہائی الرٹ جاری کرکے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کر رکھی ہیں اور دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے بکا خیل میں بھی پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا اور جوابی فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔