22 فروری ، 2013
اسلام آباد…وفاقی الیکشن کمیشن نے محکمہ داخلہ خیبر پختون سے صوبہ کے حساس مقامات کی تفصیلات طلب کر لیں ۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق وفاقی الیکشن کمیشن نے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا سے پونگ کے دوران صوبہ کے حساس مقامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبہ کے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز حساس مقامات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرائینگے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور جاوید مروت کے مطابق حساس مقامات کیحوالے سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں حساس اداروں ، سیکورٹی فورسز اور سیاسی شخصیات سے مشاورت کے بعد حتمی فہرستں تیار کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس مقامات کی تفصیلات طلب کرنے کا مقصد پولنگ کے دوران فوج اور ایف سی کی تعیناتی سمیت سیکورٹی کے مناسب اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ خیبر پختونخوا میں 2008 کے انتخابات کے لیے آٹھ ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ جن میں 1500 کو حساس قرار دیا گیا تھا جبکہ 2013 کے انتخابات کے لیے دس ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔