22 فروری ، 2013
سنچورین،پریٹوریا…پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہاں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 334جیساقابل قدر مجموعہ ترتیب دیا ہے۔سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس افریقی کپتان گریم اسمتھ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،جو کہ انکی ٹیم کے لیے کافی سود مند ثابت ہوا ۔گوکہ افریقی اوپنرز گریم اسمتھ 5اور الویرو پیٹرسن 10کچھ زیادہ نہ کرسکے تاہم جہاندیدہ ہاشم آملہ 92اور ان فارم بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز 98نے یہ کسر پوری کردی، بعدازاں آملہ آٹھ رنز کی کمی سے نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔جس کے بعد ورنن فلینڈر45ناٹ آؤٹ نے ابراہم ڈی ویلیئرز کی قیادت میں پاکستان کے خلاف مارچ شروع کردیا ہے ۔پلیسیس29بناکر آؤٹ ہوئے۔دن بھر کے کھیل میں 85اوورز کرائے گئے،جب کھیل ختم ہوا تو ڈی ویلیئرز 98اور فلینڈر 45رنز بناکر کریز پر موجود ہیں اور کل اپنی ٹیم کی نامکمل باری دوبارہ شروع کرینگے۔پاکستان کی جانب سے راحت علی نے تین اور احسان عادل نے دو وکٹیں لیں۔