Time 03 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

ہمیشہ جوان رہنے کی کوشش کرنیوالے ارب پتی کی غذا کیا ہے؟

ہمیشہ جوان رہنے کی کوشش کرنیوالے ارب پتی کی غذا کیا ہے؟
برائن جانسن / سوشل میڈیا فوٹو

40 سال کی عمر کے بعد جسمانی افعال تیزی سے تنزلی کے شکار ہونے لگتے ہیں مگر ایک شخص خود کو ہمیشہ جوان رکھنے کے لیے ہر سال کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے۔

47 سالہ برائن جانسن ایک بائیو ٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہیں جو اپنے جسم کو 18 سال کی عمر جیسا بنانا چاہتے ہیں۔

ایسا ممکن ہوتا ہے یا نہیں، یہ تو ابھی کہنا ممکن نہیں مگر انہوں نے عمر میں اضافے کی روک تھام کے لیے اپنی غذا کے بارے میں بتایا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی اپنی منفرد غذائی ضروریات ہوتی ہیں اور اس کو مدنظر رکھ کر اپنے معمولات میں تبدیلیاں لانی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ 'وہ دن بھر کی تمام غذا 6 گھنٹوں کے اندر کھا لیتے ہیں اور میرا آخری کھانا صبح 11 بجے ہوتا ہے، جس کے بعد میں سونے کے وقت تک بھوکا رہتا ہوں، میرا ماننا ہے کہ ہر فرد کا معمول مختلف ہو سکتا ہے اور میرے معمول سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے'۔

انہوں نے اپنی 'جوان رکھنے والی غذا' کے بارے میں بھی بتایا۔

وہ دالوں، سبزیوں، بیریز، گریوں، بیجوں اور زیتون کے تیل جیسی غذاؤں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جبکہ چینی، پراسیس اور تلی ہوئی غذاؤں اور الٹرا پراسیس اشیا کو کھانے سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ نیند، ورزش اور غذا جوان نظر آنے اور فٹ رکھنے میں مددگار 3 بنیادی عناصر ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ معیاری نیند سے عمر کو ریورس کرنے کے عمل کی رفتار تیز ہو جاتی ہے جبکہ روزانہ صرف 30 منٹ تک ورزش سے مجموعی صحت پر دیرپا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ روزانہ 120 گرام پروٹین بھی استعمال کرتے ہیں جس سے مسلز کی نشوونما ہوتی ہے، دل کی شریانوں کی صحت اور میٹابولزم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

دن بھر میں وہ 3 لیٹر پانی پیتے ہیں مگر سہ پہر 4 بجے کے بعد پانی نہیں پیتے تاکہ رات کو نیند متاثر نہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ برائن جانسن نے 2021 میں اس مقصد کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم کے ساتھ پلیو پرنٹ نامی پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور انہیں توقع ہے کہ عمر بڑھنے کے باوجود وہ اپنے اعضا اور صحت کو 18 سال کی عمر جیسا بناسکیں گے۔

وہ 2021 سے ہر سال لاکھوں ڈالرز اس مقصد کے لیے خرچ کررہے ہیں جبکہ 2023 میں 20 لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔

مئی 2023 میں ڈاکٹروں کے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ 45 سالہ برائن جانسن کے دل کی عمر 37 سال اور جِلد کی عمر 28 سال کے فرد جتنی ہوچکی ہے جبکہ پھیپھڑوں کی گنجائش 18 سالہ نوجوان جیسی ہوگئی ہے۔

برائن جانسن صبح 5 بجے دن کا آغاز 2 درجن سپلیمنٹس سے کرتے ہیں جبکہ ان کی خوراک ٹھوس اور نرم غذاؤں پر مشتمل ہوتی ہے۔

مجموعی طور پر دن بھر میں 1977 کیلوریز کا استعمال کرتے ہیں، روزانہ ورزش کرتے ہیں جبکہ ہفتے میں 3 بار سخت ورزشیں کرتے ہیں۔

ہر ماہ متعدد جسمانی ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے جسم میں 17 سالہ بیٹے کا خون بھی منتقل کرایا تھا تاکہ جسمانی عمر میں اضافے کو روک سکیں۔

برائن جانسن کے مطابق 'میں جو کچھ کررہا ہوں وہ انتہا پسندی محسوس ہوتا ہے مگر میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ میرا خواب ممکن ہے'۔

ان کا دعویٰ ہے کہ وہ عمر کو ریورس کرنے کی کنجی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

مزید خبریں :