23 فروری ، 2013
پشاور … پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ پشاور پریس کلب میں مقامی جریدے کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب اور جیو نیوز سے گفتگو میں انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں مسلم لیگ ن ہی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، آئندہ انتخابات میں خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کی افسر شاہی اور سیاسی لیڈروں نے بھی مخالفت کی تھی، انہوں نے ذاتی جہدوجہد کرکے اس منصوبے کی منظوری لی۔ امیر مقام نے مزید کہا کہ لواری ٹنل کو سڑک کے ذریعے وسطی ایشیاء سے منسلک کرنا ان کا خواب ہے۔