23 فروری ، 2013
اسلام آباد … پاکستان میں یوٹیوب کی بندش کے معاملے پر مذاکرات کیلئے گوگل حکام آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، سرکاری حکام کے مطابق ناپسندیدہ مواد کی روک تھام کیلئے جدید سافٹ ویئر سسٹم کی تنصیب کا ایم او یو طے پانے کا امکان ہے۔ یوٹیوب پرگستاخانہ مواد کے خلاف پاکستان میں سخت احتجاج کے بعد وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے 17 ستمبر 2012ء کو یوٹیوب بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستان نے متعدد بار گوگل انتظامیہ سے یوٹیوب سے گستاخانہ مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا تاہم پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کے باعث گوگل انتظامیہ نے درخواست ہر بار مسترد کردی۔ سرکاری حکام نے جیو نیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو بتایا ہے کہ اگلے ہفتے گوگل حکام کے دورہ پاکستان کے دوران جدید فلٹرسافٹ ویئرسسٹم کی تنصیب کے معاملے پر مذاکرات کئے جائیں گے اور سسٹم کے حصول کیلئے پاکستان اور گوگل انتظامیہ کے درمیان ایم او یو کا بھی امکان ہے۔