16 نومبر ، 2024
حسن ابدال میں بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
دو ہزار سے زائد سکھ یاتری بھارت اور دیگر ملکوں سے پاکستان پہنچے ہیں جو بابا گرو نانک کی جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
اُدھر ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی 3 روزہ تقریبات گزشتہ رات نگر کیرتن کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ آخری دن نگر کیرتن نکالا گیا جو گوردوراہ کیارہ صاحب سے ہوتا ہوا واپس گوردوارہ جنم استھان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی نگر کیرتن میں شرکت کی، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔
بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں، سکھ یاتری اب مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختلف گوردواروں کا دورہ کریں گے۔