18 نومبر ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مشکلات سے بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ۔
اس سے قبل پاکستان کو جنوبی افریقا میں ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کا سامنا رہا ہے جب کہ پاکستان نے اگلے ماہ جنوبی افریقا میں 3 ون ڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان وائٹ بال سیریز 10 سے 22 دسمبر تک کھیلی جائے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سینچورین اور دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگلے ماہ جنوبی افریقا میں کھیلے جانے والے2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے جس کے تحت ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقامیں ٹریننگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جنوبی افریقا میں ٹریننگ کیمپ لگا کر کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع دیا جائے گا، ٹریننگ کیمپ میں ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی شرکت کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا میں 7 سے 10 روز کا کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ آل فارمیٹ کھلاڑی پہلے ہی جنوبی افریقا میں وائٹ بال سیریز کھیل رہے ہوں گے۔