Time 20 نومبر ، 2024
پاکستان

عمران خان نے پارٹی قیادت کو مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا، بیرسٹر گوہر کی تردید

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں مذاکرات سے متعلق گفتگو کی تردید کردی۔

اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور  پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، بیرسٹرگوہر اور علی امین گنڈاپورگزشتہ روز مذاکرات کاپروپوزل لیکراڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں بانی پی ٹی آئی نے پروپوزل میں شامل کچھ چیزوں پراعتراض اٹھایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے پروپوزل پرمزیدبات چیت کیلئے وقت مانگاہے، مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کوگرین سگنل دے دیا،  آج کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کا عمل ابتدائی مرحلے میں حوصلہ افزا ہے، جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور مذاکرات میں مزید پیشرفت کے بعد 24 نومبرکے احتجاج سےمتعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے  بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مذاکرات سے متعلق گفتگو کی تردید کردی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات یا رابطوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی، ملاقات میں تمام گفتگو علی امین گنڈاپور نے کی، ہم نے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست نہیں کی۔

خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالا جیل میں ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی اور دو گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات میں 24 نومبر کے احتجاج اور سیاسی و پارٹی امور پر گفتگو ہوئی۔

یہ دو دن میں علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے دوسری ملاقات تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں ان کو مذاکرات کی اجازت دی تھی۔

عمران خان نے کہا تھا مذاکرات ان سے ہی ہوں گے جن کے پاس پاور ہے۔ 

مزید خبریں :