26 نومبر ، 2024
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کانسیٹبل کے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کرانے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدا کی فیملی سے وعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی، جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔
نمازجنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی آئی جی پنجاب سمیت اعلیٰ پولیس قیادت بھی شریک ہوئی جبکہ وزیراعظم نے بھی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی مذمت کی۔
واضح رہے کہ ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا، 46 سالہ مبشر کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
واقعے میں جاں بحق 46 سالہ پولیس کانسٹیبل مبشر تقریباً 12 سال قبل پنجاب پولیس میں بھرتی ہوئے تھے اور اس وقت مظفرگڑھ کے تھانہ شاہ جمال میں تعینات تھے۔
تحریک انصاف کے مظاہرین کے بدترین تشدد سے مبشر کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، انہیں وینٹیلیٹرپر منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔