01 دسمبر ، 2024
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممکنہ اقدامات کے خلاف پاکستان کی اسپورٹس فیڈریشنز متحرک ہوگئیں۔
پی او اے کے اجلاس میں 23 مختلف فیڈریشنز کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو مشترکہ خط لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ ہمارے علم میں آیا ہےکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ بعض اقدامات کر رہا ہے جو اولمپک چارٹر کے منافی ہے۔
خط میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ممکنہ قیام اور فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت کا ذکر ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت متعدد بار انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو یقین دلا چکی ہے کہ وہ اسپورٹس فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرےگی۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممکنہ اقدامات فیڈریشنز کے امور کے آزادانہ معاملات میں مداخلت ہوں گے، گزارش ہے کہ ایسے اقدامات پر نظر ثانی کی جائے۔
23 مختلف فیڈریشنز کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ جو قوانین بنانے ہیں وہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے چارٹر کے مطابق بنائے جائیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت ہوئی تو ہم اپنا الحاق ختم کرسکتے ہیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے اجلاس میں بھی اس معاملے پر قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔