01 دسمبر ، 2024
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر اطلاعات بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جیل میں زہریلی گیس سے بانی پی ٹی آئی کا ذہنی توازن خراب ہونے کی تردید شیخ وقاص اکرم نے کر دی ہے اور وہ اڈیالہ جیل میں ہی ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہناتھاکہ پوری دنیا نے دیکھا کس طرح گولیاں چلائی گئیں، کارکنوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھے، اسلحہ نہیں تھا۔
مراد سعید سے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ عطا اللہ تارڑ کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، ایک طرف سے گولیاں چلائی گئیں، جھوٹ بولا جارہا ہے، مراد سعید ان کو نظر آئے تو ان کو پکڑ لیتے، مراد سعید اسلام آباد میں آیا تو گرفتار کرلیتے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ مراد سعید میرے خیال میں وہاں نہیں تھے، وزیر اعلیٰ ہاؤس آکر دیکھ لیں کہ مراد سعید موجود ہیں یا نہیں ، اگر مراد سعید کسی کو وہاں نظر آجائیں تو عطا تارڑ سے کہیں کہ انہیں لے جائیں۔
احتجاج کے حوالے سے مشیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو کہا ان حالات میں ڈی چوک پر جانا مناسب نہیں، حکومت نے ہمیں کہا سنگجانی میں احتجاج کرلیں، بانی پی ٹی آئی نے ہمیں سنگجانی میں احتجاج کی اجازت دی جو بھی فیصلہ تھا وہ حالات کے مطابق کیا گیا مگر احتجاج میں موجود قیادت کا اس پر اتفاق نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے متعلق کسی نے کچھ کہا تو ان کو پتا ہوگا، میری اور بیرسٹر گوہر کی بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی، میں نے علی امین سے بات کی بتایا دیا جو ہمیں بانی پی ٹی آئی نے کہا، رات کو بانی پی ٹی آئی نے بھی علی امین گنڈاپور کو بتادیا تھا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ فائرنگ کی گئی، کیمیکل پھینکے گئے، بلٹ پروف گاڑیوں کی وجہ سے بچت ہوئی، علی امین گنڈا پور پر پوری پارٹی کا اعتماد ہے، ہماری پارٹی میں خلیج نہیں،بشریٰ بی بی بانی کی اہلیہ ہیں ان کا احترام ہے۔
انہوں نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی تھے،کہیں نہیں گئےتھے، جیل میں زہریلی گیس سے بانی پی ٹی آئی کا ذہنی توازن خراب ہونے کی تردید شیخ وقاص اکرم نے کر دی ہے۔
کرم کی صورتِحال پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ وہاں دو گروپوں میں سیز فائر کرا دیا گیا تھا، وزیرِاعلیٰ گزشتہ روز کوہاٹ گئے، آج بھِی انھوں نے ایک قبائلی وفد سے ملاقات کی۔