03 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور قاسم سوری جیسے لوگ عمران خان کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے واپسی نہ ہو۔
ایک بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پروپیگنڈے کیلئے استعمال کررہے ہیں، یہ وہی پروپیگنڈا مہم ہے جس کا میں ذکر کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو وقتی طور پر نظر انداز کریں ورنہ نقصان زیادہ ہوگا۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جان بوجھ کر گھٹیا ایکس پوسٹ آگ لگانے کے لیےلکھی گئی، یہ گھٹیا ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی نے نہیں باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھی کیونکہ عمران خان خود اپنا ایکس ہینڈل نہیں چلا رہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور قاسم سوری جیسے لوگوں نے خان کو پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کی ہے، یہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے واپسی نہ ہو۔