05 دسمبر ، 2024
پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں خیبرپختونخوا کے مالی اور سیاسی مفادات کے لیے سیاسی اور ٹیکنیکل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ ہوا، کمیٹیاں تمام اسٹیک ہولڈرز کےساتھ بات چیت کریں گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں امن کے قیام میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں، کرم میں فسادات کی آگ میں 200 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں جبکہ گزشتہ ماہ 70 سے زائد سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوری 11واں این ایف سی ایوارڈ اور ضم اضلاع کے لیے مختص 3 فیصد واجب الادا رقم جاری کی جائے۔
اے پی سی نے پرامن پشتونوں کو دوسرے صوبوں اور دارالحکومت اسلام آباد میں بےجا تنگ نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔