19 دسمبر ، 2024
پشاور: پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے مگر لگتا ہے حکومت کو مزاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے القادر ٹرسٹ کیس میں کل دیر تک عدالت میں سماعت جاری رہی، عدالت کا وقت 3 یا 4 بجے تک ہے، سوال یہ ہے کیوں اتنی دیر تک سماعت جاری رہی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مذکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی ہوئی ہے، لگتا ہے حکومت کو مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، ہم نے کسی کے پاس نہیں جانا،کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں۔
واضح رہے چند دنوں سے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی خبریں زیر گردش ہیں مگر اب تک کسی جانب سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پی ٹی آئی سنجیدہ ہے تو حکومت کو مثبت پیغام دے کہ یہ ان کی کمیٹی ہےاور ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی اسپیکر کو کہیں گے کہ وزیر اعظم سے بات چیت کریں۔