27 فروری ، 2013
اسلام آبا…اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی مکمل سول اقتدار میں پانچ سال پورے کر رہی ہے،میڈیا مستقبل میں کسی طالع آزما کو یہ روایت توڑنے نہ دے۔ اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر صدیق ساجد،سیکریٹری جنرل ارشد وحید چودھری اور دیگر عہدے داران سے حلف لینے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب میں ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی، مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید سینئر صحافیوں اور پی آر اے کے ارکان نے شرکت کی۔ اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں مقننہ، انتظامیہ کے ہاتھوں میں ربڑ اسٹیمپ سمجھی جاتی تھی لیکن قومی اسمبلی نے قانون سازی سمیت تمام شعبوں میں چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بطور اسپیکر انہوں نے سب سے پہلی رولنگ آزادی صحافت کو یقینی بنانے کے لیے دی تھی۔