14 ستمبر ، 2024
بالی وڈ اداکارہ ایشا دیول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں نامناسب طریقے سے چھونے پر ہجوم میں کھڑے شخص کو تھپڑ مار چکی ہیں۔
حال ہی میں بھارت کے ایک ٹی وی شو کے دوران ایشا دیول نے ماضی کا ایک قصہ سنایا اور بتایا کہ 2005 میں پونے میں فلم’ دس‘ کے پریمیئر کی تقریب میں شریک تھی کہ اسی دوران سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ایک شخص نے بھیڑ سے قریب آکر مجھےنامناسب انداز میں چھوا جس کے جواب میں میں نے اس شخص کا ہاتھ پکڑ کر اسے ہجوم سے پہلے باہر کھینچا اور پھر اسے تھپڑ دے مارا۔
ایشا دیول کا کہنا تھا اگرچہ میں جذباتی نہیں ہوں لیکن اگر کوئی ایسا کام کرے جو میری برداشت سے باہر ہو تو میں کنٹرول کھو دیتی ہوں۔
بالی وڈ اداکارہ نے اپنی گفتگو میں خواتین کو جنسی ہراسگی کے حوالے سے آواز اٹھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ’ ایک عورت کو ایسے حالات میں ردعمل کا اظہار ضرور کرنا چاہیے، صرف اس لیے کہ مرد عورت کے مقابلے جسمانی طور پر زیادہ مضبوط ہیں، وہ اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکتے، میرا ماننا تو یہ ہے کہ خواتین جذباتی طور پر مردوں کے مقابلے زیادہ مضبوط ہوتی ہیں‘۔
ایشا دیول کی پیشہ ورانہ اور ازدواجی زندگی
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکار دھرمیندر اور اداکارہ ہیما مالنی کی بیٹی ایشا دیول نے 2012 میں بزنس مین بھرت تختانی کے ساتھ شادی کی تھی، جن سے ان کی دو بیٹیاں ہیں تاہم 2024 میں جوڑے نے شادی کے 12 سال بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔
ایشا نے بالی وڈ میں فلم ’کوئی میرے دل سے پوچھے‘ کے ساتھ اینٹری دی اور ’نا تم جانو نہ ہم’، ’ایل او سی: کارگل‘، ’ دھوم‘، کچھ تو ہے‘ اور’ کیا دل نے کہا‘ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، اس کے بعد ایشا دیول نے فیملی کی خاطر اداکاری سے بریک لیا تاہم شوہر سے علیحدگی کے بعد ایشا ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کی تیاری کر رہی ہیں۔