28 فروری ، 2013
اسلام آباد…جے یو آئی ف کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں30سیاسی جماعتیں اور اہم شخصیات شرکت کر ر ہی ہیں کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کر ر ہے ہیں۔کانفرنس کے افتتاحی کلمات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سے امن کے عظیم مقصد کے حصول کے لئے راہ نمائی ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ امن کے قیام کے لئے اسباب عطا فرمائے۔ کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف ، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت، مشاہد حسین سید، پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم ، عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی عدیل ، جماعت اسلامی کے سید منور حسن، لیاقت بلوچ ، آفتاب شیر پاؤ، ڈاکٹر عبد القدیر، محمود خان اچکزئی اور دیگر راہ نما شریک ہیں۔ اس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں اوربات چیت کے حوالے سے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کی امن کانفرنس میں امن کے قیام کے لئے اہم تجاویز دیں گے ، مشاہد حسین نے کہاکہ امن کے لئے ڈنڈا نہیں مذاکرات کی پالیسی اپنانا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات ہوسکتے ہیں تو طالبان سے کیوں نہیں۔ سینٹر حاجی عدیل نے کہا اے پی سی کا انعقاد امن کے لئے مثبت قدم ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے بغیرانتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔