25 دسمبر ، 2024
موجودہ عہد میں دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ جوڑوں کے درمیان جھگڑے بھی بڑھ گئے ہیں۔
سائنسدانوں نے اس کی ایک بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے زیادہ وقت موبائل فون میں گم ہو کر گزارنا۔
جب کوئی فرد اپنے شریک حیات پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اپنا زیادہ وقت موبائل فون میں گم ہو کر گزارتا ہے تو اس کے لیے Phubbing کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
اس حوالے سے حالیہ برسوں میں کافی تحقیقی کام ہوا ہے جس میں اس عادت اور جوڑوں کے باہمی رشتے پر مرتب اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔
اکتوبر 2023 میں ترکیہ کی Niğde Ömer Halisdemir یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ موجودہ عہد میں لوگ اسمارٹ فون پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں جس سے شریک حیات کو برا محسوس ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 712 جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 37 سال تھی۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ موبائل فون میں گم رہنے اور رشتے پر اطمینان کے درمیان کیا تعلق موجود ہے۔
اس مقصد کے لیے ان جوڑوں سے تفصیلات حاصل کی گئیں اور ان سے سوالنامے بھروائے گئے تاکہ ان کی ذہنی صحت کا اندازہ ہوسکے اور یہ بھی معلوم ہو سکے کہ ان کی لوگوں سے بات چیت کی صلاحیت کتنی اچھی ہے اور کس حد تک موبائل فون ان کی زندگی کا حصہ ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ شوہر یا بیوی میں سے کوئی ایک جتنا زیادہ وقت موبائل فون پر گزارے گا، باہمی رشتہ اتنا زیادہ متاثر ہوگا۔
تحقیق کے مطابق اب Phubbing کو کافی حد تک معاشرے نے قبول کرلیا ہے مگر پھر بھی شادی شدہ افراد کے لیے یہ تباہ کن عادت ہے۔
محققین نے بتایا کہ نظر انداز کیے جانے کا تصور لوگوں کو اچھا محسوس نہیں ہوتا اور اس کے نتیجے میں جوڑوں کے درمیان جھگڑے بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا شریک حیات توقعات پر پورا نہیں اتر رہا۔
دسمبر 2022 میں جرنل سائیکولوجیکل رپورٹس میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ Phubbing سے لوگوں کے درمیان سماجی میل جول کم ہوتا ہے خاص طور پر رومانوی تعلق پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
آسان الفاظ میں جب شریک حیات میں جب کوئی ایک اسمارٹ فون میں بہت زیادہ مصروف رہتا ہے تو اس سے جوڑے کے درمیان رشتے پر اطمینان کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس تحقیق میں 308 افراد کو شامل کیا گیا جن میں خواتین نے اس عادت کو شریک حیات سے تعلق کے لیے تباہ کن قرار دیا۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جب شریک حیات اپنا زیادہ وقت فون پر گزارتا ہے تو اس سے زندگی پر اطمینان پر بلاواسطہ طور پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ اس کا شریک حیات سے رومانوی تعلق متاثر ہوتا ہے۔
جب شریک حیات سے تعلق خراب ہوتا ہے تو زندگی میں سکون اور اطمینان بھی ختم ہونے لگتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں دریافت ہوا کہ اس عادت سے لوگوں کو متعدد منفی احساسات بشمول الگ تھلگ ہونے، فرسٹریشن اور زندگی پر اطمینان میں کمی کا سامنا ہوتا ہے۔
جرنل بی ایم سی سائیکولوجی میں شائع تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ Phubbing سے رشتوں سے ہٹ کر لوگوں کی اپنی ذات پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس عادت سے لوگوں میں تنہائی کا احساس بڑھتا ہے جس سے مختلف نفسیاتی مسائل اور زندگی پر عدم اطمینان بڑھتا ہے۔
اس سے بھی جوڑوں کے باہمی تعلق پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔