Time 28 دسمبر ، 2024
پاکستان

کراچی میں پارا چنار واقعے کیخلاف مذہبی جماعت کا احتجاج، متعدد سڑکیں ٹریفک کیلئے بند

کراچی میں پارا چنار واقعے کیخلاف مذہبی جماعت کا احتجاج، متعدد سڑکیں ٹریفک کیلئے بند
فوٹو: پی پی آئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں پارا چنار واقعے کےخلاف مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 کراچی کے 13 مقامات پر مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔

گلستان جوہر کامران چورنگی پر دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو موسمیات سے یونیورسٹی روڈ کی طرف بھیجا جارہاہے۔سرجانی شمس الدین عظیمی روڈ، نواب صادق خان روڈ ناظم آباد نمبر ایک پر دھرنا جاری ہے۔

 ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد 2 نمبر جانے والی ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی بھیجا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ شاہراہ پاکستان پر انچولی کے مقام پر بھی دھرنا ہورہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو واٹر پمپ سےگلبرگ چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ کے قریب بھی مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث  کارساز سے ڈرگ روڈکے دونوں روڈ پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔

مین نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ کے سامنے بھی دھرنا ہورہا ہے ،ٹھٹہ سے آنے اور جانے والی ٹریفک کو لنک روڈ سے پورٹ قاسم کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

دوسری جانب ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی پر بھی دھرنا جاری ہے ، جس کی وجہ سے ٹریفک کو پی پی چورنگی سےگرو مندر،سولجر بازار کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن اور یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب  اور نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر بھی دھرنا ہورہا ہے۔جس کی وجہ سے ٹریفک کو سروس روڈ سے بھیجا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج کے قریب مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہےاور ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی اور منزل پمپ سے یونس چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔

کورنگی ڈھائی نمبر ،جمشید روڈ پر مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو جہانگیر روڈ اور بنوری ٹاؤن سے پیپلز چورنگی کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ  گرینڈ امن جرگہ فریقین سے مذاکرات مکمل کرنے کے باوجود اب تک کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا، راستوں کی بندش سے علاقے میں ادویات نہ پہنچنے کے باعث پاراچنار کے اسپتالوں سے مسلسل اموات کی خبریں آرہی ہیں جبکہ لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں :