28 فروری ، 2013
اسلام آباد … دہشت گردی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کی آل پارٹیز کانفرنس کا 5 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے پی سی میں شریک رہنماوٴں کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ فریقین سے مذاکرات شروع کرے گا۔ اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس فاٹا اور خیبر پختونخوا میں امن کیلئے گرینڈ جرگے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پہلے سے موجود گرینڈ جرگے کو مزید وسعت اور اس میں تمام مکاتب فکر کی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے، شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے ٹرسٹ بنایا جائے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ اے پی سی میں شریک رہنماوٴں کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ فریقین سے مذاکرات شروع کرے گا، پاکستان میں بے امنی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اے پی سی اعلامیے کے مطابق ایسے مذاکرات جن سے آئین و قانون کی عملداری ہو اس کی حمایت کرتے ہیں، موجودہ حکومت، نگراں حکومت اور انتخابات کے نتیجے میں آنے والی آئندہ حکومت اے پی سی کے فیصلے پر عملدرآمد کی پابند ہوگی۔ اعلامیے پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے دستخط کئے ہیں۔