28 فروری ، 2013
کوئٹہ …صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی شروع سے ہی جمہوری حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ایران سے واپسی پر کوئٹہ پہنچنے کے بعدبلوچستان اسمبلی میں مختلف پارلیمانی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کے دوران بات چیت میں صدر نے کہا کہ ہم بلوچستان کی ترقی کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔اس موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل رضا عابدی بھی تھے،ملاقات کے دوران صوبے میں ترقیاتی منصوبوں سمیت صوبے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا،گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی اور پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے صدر کو مجموعی سیاسی اور امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔بعدازاں صدر مملکت سے علماء و مشائخ کے وفود نے بھی ملاقات کی،اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علماء و مشائخ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا موثر کردار ادا کریں، اہل وطن کو نشانہ بنا کر مارنے والوں کا مذہب اور ملک سے کوئی تعلق نہیں،اس سے قبل صدر زرداری نے گورنر ہاوس میں ہی جھل مگسی میں تعمیر کئے جانے والے نولانگ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا،ان کا کہنا تھا کہ نولانگ ڈیم سے سنتالیس ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور اس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی،اس ڈیم کو اٹھارہ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔