28 فروری ، 2013
لاہور…لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے چیئرمین نیب کو توہین عدالت کی درخواست پر جاری اظہار وجوہ کے نوٹس پر جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دینے کی درخواست منظور تاہم حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پنجاب کی جانب سے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب صداقت علی خان نے موقف اختیار کیا کہ 1401 کنال اراضی فراڈ کیس کی تفتیش میں ملک ریاض اور ان کے بیٹے کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تاہم نیب نے عدالتی احکامات کے خلاف دوبارہ تفتیش میں انہیں بے گناہ ظاہر کر کے احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنس سے بری کرنے کی درخواست کر دی جو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔ کیس کی مزیدسماعت18 مارچ کوکی جائیگی۔