28 فروری ، 2013
کراچی … مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت جتوئی کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے میں کامیاب ہوئی تو الیکشن خطرے میں پڑجائیں گے۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے سے ایک ماہ قبل متحدہ قومی موومنٹ کو اپوزیشن نشستیں الاٹ کر دی جائیں، اگر ان کا اپوزیشن لیڈر بنا تو یہ غیر اخلاقی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے، اب تو گورنر سندھ بھی الطاف حسین کے کہنے پر واپس آ گئے ہیں۔ لیاقت جتوئی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دی گئی ہے اور یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف و شفاف الیکشن کروائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس 73 کے الیکشن میں ان کا ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوئے اور ان کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی، یہ ملک کہاں جا رہا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی لیڈر ملک کو صحیح راستے پر لا سکتا ہے اور موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہے۔