Time 02 جنوری ، 2025
پاکستان

کراچی میں سردی کی شدت میں کمی، کڑاکے کی سردی کب پڑے گی؟

کراچی:  محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج اور کل کم سردی پڑنے جبکہ 4 جنوری سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر  میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، شمال سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور  ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات  نے کراچی میں آج اور کل سردی کی شدت میں معمولی کمی  کی پیشگوئی کی ہے تاہم  4 جنوری سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے جس دوران شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔

دوسری جانب  آج بلوچستان میں  بارش برسانے والے مغربی سسٹم  کے داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر 4 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے بلوچستان سے نکلنے کے بعد کراچی سرد ہواؤں کی زد میں آسکتا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے سسٹم کے زیر اثر لاہور سمیت پنجاب میں جمعرات سے بارش اور آزاد کشمیر میں برفباری متوقع  ہے، مزید برآں خیبرپختونخوا،  پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ساتھ اسموگ جبکہ  تھرپارکر سندھ میں شدید سردی متوقع ہے۔

مزید خبریں :