Time 04 جنوری ، 2025
کھیل

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف ڈبل سنچری بنا کر رکلٹن نےکئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف ڈبل سنچری بنا کر رکلٹن نےکئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے
ریان رکلٹن 343 گیندوں پر 75.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے259 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،فوٹو: کرک انفو

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹر  ریان رکلٹن نےکئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 28 سالہ بیٹر نے266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ڈبل سنچری مکمل کرنے تک انہوں نے ایک چھکا اور 24 چوکے لگائے۔

ریان رکلٹن 343 گیندوں پر 75.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے259 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 29 چوکے شامل تھے۔

خیال رہےکہ یہ جنوبی افریقا کےکسی بیٹر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 9 سال بعد ڈبل سنچری بنی ہے۔ اس سے قبل 2016 میں ہاشم آملہ نے اسی گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔

 ریان رکلٹن نے اس کے علاوہ بھی کئی اعزاز حاصل کیے ہیں۔

 ریان رکلٹن جنوبی افریقا کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز  میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

اس فہرست میں سب سے پہلے جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن ہیں جنہوں نے 275 رنز بنائے ہیں جب کہ  جنوبی افریقا کے ہی گریم پولک   274 رنز بنا کر دوسرے  اور نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ 262 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ریان رکلٹن ٹیسٹ اننگ میں 250 سے زیادہ رنز  سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ ( 75.51) کے ساتھ بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز  بھی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل گریم اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف 277 رنز  74.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے تھے۔

ریان رکلٹن پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اننگ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے جنوبی افریقی بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ 

اس فہرست میں اے بی ڈیویلیئرز  پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے 2010 میں ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 278 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

ریان رکلٹن نے کیپ ٹاؤن کی وکٹ پر دوسرا بڑا ٹیسٹ اسکور بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل  نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ  نے یہاں 262 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

مزید خبریں :