02 جنوری ، 2025
معروف میسجنگ پلیٹ فارم ٹیلی گرام نے 2025 کے اولین فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔
ٹیلی گرام میں تھرڈ پارٹیز کے ذریعے اکاؤنٹ ویریفکیشن کے نئے طریقہ کار کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ نئے میسج سرچ فلٹرز اور گفٹس کو این ایف ٹی میں تبدیل کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔
ٹیلی گرام میں پہلے ہی معروف شخصیات کے اکاؤنٹس ویری فائی کرنے کا پروگرام موجود ہے۔
مگر اب اس حوالے سے ایک نئے آپشن کو متعارف کرایا گیا ہے تاکہ پہلے سے ویریفائیڈ تھرڈ پارٹی اتھارٹیز جیسے فوڈ کوالٹی ریگولیٹرز کسی اکاؤنٹ کو ویری فائی کرسکیں۔
تھرڈ پارٹیز کی جانب سے ویریفائیڈ ہونے والے اکاؤنٹس میں ان کے ناموں کے آگے بلیو چیک مارک کی بجائے ایک نیا لوگو نظر آئے گا۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ پلیٹ فارم میں اضافی ویریفکیشن سے گمراہ کن مواد کا پھلاؤ کم ہوگا۔
اکاؤنٹس کو ویریفائیڈ کرنے کے خواہشمند افراد یا اداروں کو اس مقصد کے لیے پہلے ویریفکیشن میں جاکر ایک درخواست کو مکمل کرنا ہوگا تاکہ وہ ویریفائیڈ مارک کے اہل بن سکیں۔
ٹیلی گرام کی جانب سے گفٹس کو این ایف ٹی میں بدلنے کا آپشن بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
صارفین ٹیلی گرام اسٹارز استعمال کرکے گفٹس بھیج سکتے ہیں جن کو آپ ایپ کے ذریعے خرید سکتے ہیں۔
ٹیلی گرام کے مطابق صارفین ان این ایف ٹیز کو مختلف پلیٹ فارمز پر دیگر چیزوں سے تبدیل کرسکیں گے۔
اسی طرح کمپنی کی جانب سے میسجز کے لیے ایک ایموجی ری ایکشن فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ چیٹس، گروپ چیٹس اور چینلز کے لیے نئے سرچ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔