09 جنوری ، 2025
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی کمپنیوں سے لاکھوں ڈالرز بٹورنے والےگینگ کے 4 ارکان گرفتار کرلیے۔
ملزمان غیرملکی کمپنیوں کو سی فوڈ اور چکن مصنوعات سپلائی کے نام پردھوکا دیتے تھے۔ ملزمان ڈمی کمپنیز کے جعلی اشتہارات کے ذریعے غیر ملکی کمپنیوں سے فراڈ کرتے تھے۔
ملزمان نے فراڈ کے ذریعے ایک لاکھ 36 ہزار ڈالرز اور لاکھوں روپے بٹورے۔ اسکیمرز نے چین، تھائی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، جرمنی اور قازقستان کی کمپنیوں سے فراڈ کیا۔
ملزمان نے چینی کمپنی سے ایک لاکھ امریکی ڈالرز اور 2 لاکھ23 ہزار چینی یوآن بٹورے۔ جرمن کمپنی سے 36 ہزار 450 ڈالرز کا فراڈ کیا گیا۔سری لنکن کمپنی سے19 ہزار امریکی ڈالرز اور لاکھوں روپے فراڈ سے وصول کیےگئے۔
عارف،سلیم، شارق اور نوید نامی ملزمان نے سوگومیٹ اور سلور ہائبرڈ نامی جعلی کمپنیاں بنا رکھی تھیں۔کمپنیوں کی جانب سے فیس بک پر اشتہارات کے ذریعے دھوکا دیا جاتا تھا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔