Time 13 جنوری ، 2025
پاکستان

پاکستانی امریکن منصور قریشی گورنر ورجینیا کے مشیر بن گئے

پاکستانی امریکن منصور قریشی گورنر ورجینیا کے مشیر بن گئے
منصور قریشی نواب شاہ میں پیداہوئے، کیڈٹ کالج پٹارو سے تعلیم حاصل کی اور پھر کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری لی— فوٹو: رپورٹر

پاکستانی امریکن منصور رزاق قریشی نے گورنر ورجینیا کے مشیر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ 

وہ ایشین امریکی ایڈوائزری بورڈ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ حلف برداری کی تقریب رچمند شہر میں ہوئی جہاں سیکرٹری کامن ویلتھ آف ورجینیا کیلی جی نے منصور قریشی سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر منصورقریشی نے کہا کہ وہ گورنر ینگکین کے ساتھ مل کر ریاست کے عوام کی بہتری کیلئے ہر ممکن خدمات انجام دیں گے، ان کی کوشش ہوگی کہ امیگرینٹ کمیونٹی اور ریاستی حکام کے درمیان پل کا کردار ادا کریں۔

سیکرٹری کیلی جی نے اس موقع پر کہا کہ ریاست میں ایشین بورڈ سب سے اہم ہے اور انہیں توقع ہے کہ منصور قرییشی اپنی صلاحیتوں سے کمیونٹی کی بہتر خدمت کریں گے۔

ریاست میں کامرس اور ٹریڈ کے چیف ڈپٹی سیکرٹری پابلو سیگورا بھی اس موقع پرموجود تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ منصور قریشی ہمیشہ لوگوں کی خدمت میں خود کو وقف رکھتے ہیں اور ریاست میں مشیر کی حیثیت سے ان کا کردار مزید مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

ورجینیا میں 7 لاکھ ایشین امریکنز آباد ہیں جن میں سے چار لاکھ کا تعلق نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت کئی دیگر مسلم ممالک سے ہے۔ 

منصور قریشی نواب شاہ میں پیداہوئے، کیڈٹ کالج پٹارو سے تعلیم حاصل کی اور پھر کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی سے انجینیئرنگ کی ڈگری لی۔ وہ سن 2001 میں امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

قرآن پاک پر حلف اٹھانے کے اس موقع پرانہوں نے سیکرٹری کامن ویلتھ آف ورجینیا کیلی جی اور ڈپٹی سیکرٹری پابلو سیگورا کو سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک تحفے میں پیش کی۔

مزید خبریں :