23 جنوری ، 2025
آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
ملائیشیا میں جاری ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ بی کے آخری میچ میں آئرلینڈ کی اوپنر ایلس والش نے پاکستان کے خلاف اچھا آغاز کیا ، 31 رنز بنائے ، لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گریں ،بارش کی وجہ سے میچ روکنا بھی پڑا اور ایک اننگز 9 اوورز تک محدود کر دی گئی۔
آئر لینڈ نے5 وکٹ پر69 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے میمونہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈک ورتھ لیوئس میتھیڈ کے تحت پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 9 اوورز میں 73 رنز کا ہدف ملا۔
جواب میں پاکستان کی کومل اور فاطمہ نے 24 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن فاطمہ کے آؤٹ ہوتے ہی رن بنانے کی رفتار بھی کم ہو گئی اور وکٹیں بھی گرتی رہیں۔کومل 12 ، فاطمہ اور اریشہ 10،10 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان ٹیم 7 وکٹ پر 59 رنز بنا سکی اور یوں آئرلینڈ نے 13 رنز کی کامیابی سے ساتھ گروپ بی سے انگلینڈ اور امریکا کے ساتھ سپر سکس مرحلے میں جگہ بنا لی اور پاکستان کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔