02 فروری ، 2025
پشاور: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت نئی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی تنظیمی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے ایکٹ کے تحت اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جگہ خود مختار اینٹی کرپشن اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
اجلاس کو اینٹی کرپشن فورس اور مجوزہ ایکٹ کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی گئی، مجوزہ ایکٹ وائٹ کالر کرائم کے سدباب کے لیے ایک مؤثر اور جامع قانون ہو گا، مجوزہ قانون کے تحت اینٹی کرپشن کی اپنی فورس قائم کی جائے گی، نئے تنظیمی ڈھانچے کے تحت 6 ریجنل اور دو سب ریجنل دفاتر قائم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ مجوزہ ایکٹ قومی و بین الاقوامی سطح پر کرپشن کے خلاف حکمت عملی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، جھوٹی شکایت کے اندراج اور تحقیقات میں بددیانتی کے خلاف بھی سزا دی جائے گی جبکہ گواہوں کو تحفظ دیا جائے گا اور فورس کے اندر احتساب کا ٹھوس نظام موجود ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اینٹی کرپشن کے نظام کو مضبوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، اینٹی کرپشن کے ادارے کو نئے خطوط پر استوار کرنے سے بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔