Time 10 فروری ، 2025
پاکستان

صوابی جلسہ: پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کارکنوں کی کم تعداد سے ناخوش

صوابی جلسہ: پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کارکنوں کی کم تعداد سے ناخوش
علی امین گنڈاپور نےجلسے سے قبل زیادہ کارکنوں لانےکےلیے اراکین اسمبلی کوفون کالز بھی کیں، ذرائع / فائل فوٹو

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت صوابی جلسے میں کارکنوں کی کم  تعداد سے ناخوش ہے۔ 

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں صوابی میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے میں کارکنوں کی تعداد کم ہونے پر پارٹی کی مرکزی قیادت ناخوش ہے جبکہ غیر  رسمی ملاقاتوں میں صوبائی قیادت پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ 

ذرائع کابتانا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں کارکنوں کی تعداد پرگفتگو کی اور  انہوں نے جلسے سے قبل زیادہ کارکنوں لانےکےلیے اراکین اسمبلی کوفون کالز بھی کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں اسٹیج کا انتظام اسد قیصر اور شہرام ترکئی نےکیا جبکہ دیگر انتظامات جنیداکبر نےکیے۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق مظاہروں میں کارکنوں کی گرفتاری، جیلوں میں قید ہونے کی وجہ سے بھی جلسے میں تعداد کم رہی۔

جلسے کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ جس طرح توقع تھی جلسہ اسی طرح کامیاب ہوا۔ عاطف خان نے کہا کہ صوابی میں شاندار جلسہ ہوا،کارکن پرجوش تھے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جلسے میں کارکنوں کی تعداد زیادہ تھی مگر ڈسپلن کاخیال نہیں رکھاگیا۔

واضح رہے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے نئے صدرجنید اکبر نے وزیراعلیٰ سے جلسےکے لیے فنڈز لینے سے  انکار کیا تھا۔
صدر پی ٹی آئی کے پی نے جلسے کے بعد تمام پارٹی رہنماؤں سے لائے گئے کارکنوں کی تعداد کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی ہے۔


مزید خبریں :